ایک وجہ قرار باقی ہے
آپ کا انتظار باقی ہے
اپنی ہستی پہ اختیار نہیں
موت پر اختیار باقی ہے
دیکھنا اپنے بس کی بات نہیں
ہاں مگر ذکر یار باقی ہے
اپنے دامن میں کوئی تار نہیں
سانس کا ایک تار باقی ہے
تجھ سے جو دور ہے وہی فانی
جس کو ہو تجھ پیار باقی ہے
کوئی دامن نہیں کہ پھیلا دوں
دامنِ داغدار باقی ہے
دَور ہی بے وفا تھا آپ نہ تھے
آپ کا اعتبار باقی ہے
کارواں کوچ کرگیا واصف
کارواں کا غبار باقی ہے
No comments:
Post a Comment