شانوں پہ کس کے اشک بہایا کریں گی آپ؟
رُوٹھے گا کون ؟ کس کو منایا کریں گی آپ۔۔!!
اب کون "خود پرست" ستائے گا آپ کو؟
کِس "بے وفا" کے ناز اُٹھایا کریں گی آپ۔۔!!
پہروں شبِ فراق میں تاروں کو دیکھ کر
شکلیں مِٹا مِٹا کے بنایا کریں گی آپ۔۔!!
گمنام الجھنوں میں گزاریں گی رات دن
بیکار اپنے جی کو جلایا کریں گی آپ۔۔!!
ہم جولیوں کو اپنی بسوزِ تصورات
ماضی کے واقعات سُنایا کریں گی آپ۔۔!!
اب وہ شرارتوں کے زمانے گزر گئے
چونکے گا کون ، کس کو ڈرایا کریں گی آپ؟۔!!
فرقت میں دورِ گوشہ نشینی بھی آئے گا
مِلنے سہیلیوں سے نہ جایا کریں گی آپ۔۔!!
غصے میں نوکروں سے بھی الجھیں گی بار بار
معمولی بات کو بھی بڑھایا کریں گی آپ۔۔!!
پھر اُسکے بعد ایک وہ منزل بھی آئے گی
دِل سے مرا خیال ہٹایا کریں گی آپ۔۔!!
جون ایلیاء
No comments:
Post a Comment